حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائیجیریا کے شیعہ رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی سے افریقی دارالحکومت ابوجا میں ان کی رہائش گاہ پر نائیجیریا کی سینیٹ میں نائب سینیٹر جناب دانجوما لاہ نے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اس اہم اور مؤثر ملاقات میں فریقین نے نائیجیریا میں لوگوں کے مختلف حلقوں کے درمیان بہت سے موجودہ مسائل، چیلنجز اور خاص طور پر نائیجیریا میں دینی اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق اور آزادی کے احترام کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔
ملاقات میں شیخ ابراہیم زکزاکی نے گفتگو کرتے ہوئے زاریا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں حسینیۂ بقیۃ اللہ کی تعمیر کا ذکر کیا اور تفصیل سے بتایا کہ کس طرح 2015ء میں فوجی اور حکومتی کارندوں نے حسینیہ میں داخل ہو کر مظلوم شیعوں کا قتل عام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2015ء میں نائیجیریا کے زاریا شہر میں مظلوم شیعوں پر جو ظلم ڈھایا گیا وہ افریقہ کی اسلامی تاریخ میں بے مثال تھا اور نائیجیریا کی تاریخ میں اس سے ملتا جلتا کوئی واقعہ نہیں ملتا اور میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ کس طرح عزادار شیعہ نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
نائیجیریا کی سینیٹ کے نائب نے گفتگو کرتے ہوئے شیخ زکزاکی کی صحت اور طول عمر کی دعا کی اور 2015ء میں زاریا شہر میں پیش آنے والے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ نائجیریا میں دینی اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرنا بہت اہم امور میں سے ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ نائیجیریا میں شیعوں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرکے وہ اپنی سابقہ پوزیشن پر واپس آجائیں گے اور اپنی مذہبی تقریبات اور پروگرام دوبارہ شروع کر سکیں گے۔